نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے بعد لائسنس کے اجرا میں ریکارڈ اضافہ

12-04-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس سے شہریوں کی بڑی تعداد نے لائسنسنگ سہولتوں کا فائدہ اٹھایا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں لائسنسنگ سہولتوں کی فراہمی تیزی سے جاری ہے اور عوام کی جانب سے اس پر بھرپور ردعمل سامنے آیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 لاکھ 68 ہزار سے زائد شہریوں  نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے درخواستیں دیں اور لائسنسنگ سہولتوں سے استفادہ کیا، اس میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں 350 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ دنوں میں 82 ہزار سے زائد شہریوں  نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے، 24 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، جبکہ 61 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید بھی کروائی۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب  نے کہا کہ نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ اور ان پر سختی کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں اضافہ ہوا ہے، یہ اضافی دلچسپی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ان پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے مزید کہا کہ میرٹ اور شفافیت کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کا سلسلہ صوبہ بھر میں جاری ہے اور شہری لائسنسنگ کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔