پنجاب: تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کو سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ
12-04-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ایک اہم اور ماحول دوست اقدام کے طور پر صوبے کے تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کو سولر توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد سکولوں میں بجلی کی کھپت کو کم کرنا اور توانائی کے اخراجات میں نمایاں کمی لانا ہے، اس کے ذریعے نہ صرف حکومت کی سالانہ بچت میں اضافہ ہو گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ بھی ممکن ہو سکے گا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں میں بجلی کی کھپت کا ڈیٹا طلب کیا ہے تاکہ سولر پینلز کی تنصیب کیلئے درست منصوبہ بندی کی جا سکے، سکولوں سے ایک سال کی بجلی کی کھپت کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر محکمہ انرجی پنجاب سکولوں کو سولر توانائی فراہم کرے گا۔ پنجاب میں اس وقت تقریباً 8 ہزار ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز موجود ہیں اور حکومت کا مقصد یہ ہے کہ یہ تمام سکولز سولر توانائی پر منتقل ہو جائیں، اس سے قبل 2 ہزار سکولوں کو سولر پینلز پر منتقل کیا جا چکا ہے اور اب باقی سکولوں کی سولر پر منتقلی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ سکولوں کو سولر توانائی پر منتقل کرنے سے حکومت کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت کا امکان ہے، محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق، سولر پینلز کے ذریعے سکولوں کی بجلی کے بلوں میں کمی آئے گی جس سے حکومت کا مالی بوجھ کم ہو گا اور سکولوں میں بجلی کے استعمال کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔