پنجاب پولیس اپنے شہدا کے اہل خانہ کو چھت کی فراہمی کیلئے پرعزم

12-04-2025

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے اپنے شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو گھر فراہم کیا گیا ہے۔

حال ہی میں شہید کانسٹیبل راشد محمود کے اہل خانہ کو 1 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا گیا، جس سے ان کی زندگی میں ایک نیا باب شروع ہوا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل راشد محمود کے اہل خانہ کو رحیم یار خان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی پسند کے مطابق گھر خرید کر دیا گیا ہے، یہ اقدام آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے حکومت پنجاب سے شہید کے اہل خانہ کے لئے فنڈز جاری کرائے تھے۔ شہید کانسٹیبل راشد محمود نے 2024ء میں کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا، وہ فرض کی راہ میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کام کر رہے تھے اور اپنی قوم کی خدمت میں مصروف تھے، شہید کانسٹیبل راشد محمود کا جرات مندانہ عمل ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے شہید کانسٹیبل راشد محمود کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل راشد محمود نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض ادا کئے اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔