لیسکو میں سنگل اور تھری فیز میٹرز کا بحران شدت اختیار کر گیا
12-03-2025
(ویب ڈیسک) لیسکو میں سنگل اور تھری فیز بجلی میٹرز کی شدید قلت نے نیا رخ اختیار کر لیا۔
نیپرا نے میٹرز کی کمی پر لیسکو چیف محمد رمضان بٹ کو وضاحتی نوٹس جاری کر دیا۔ نیپرا کے مطابق اگست کے بعد سے نئے کنکشنز اور خراب میٹرز کی تبدیلی کیلئے سٹاک موجود نہیں، جو صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ریگولیٹر نے واضح کیا کہ میٹرز کی عدم فراہمی نیپرا کسٹمر سروسز مینوئل کی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں لیسکو چیف سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کمپنی سنگل اور تھری فیز میٹرز کی قلت پر قابو پانے کیلئے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو نئے کنکشن نہیں دیئے جا رہے، جبکہ جلنے یا خراب ہونے والے میٹرز کی تبدیلی بھی نہیں کی جا رہی۔ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق لیسکو میں ایک لاکھ سے زائد سنگل اور تھری فیز میٹرز کو ڈیفیکٹیو قرار دیا جا چکا ہے، جس پر وضاحت مانگ لی گئی ہے۔