ماحولیاتی آلودگی کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، 2,575 غیرقانونی یونٹس مسمار
12-03-2025
(لاہور نیوز) پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، جس میں صنعتی یونٹس، گاڑیوں، فصلوں کی باقیات جلانے اور دیگر ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ کے مطابق یکم مارچ 2024 سے صوبے بھر میں اب تک 2,575 غیرقانونی یونٹس مسمار کئے جا چکے ہیں جبکہ 4,002 ایف آئی آرز بھی درج کی گئی ہیں۔ ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ اینٹی سموگ گنز نے لاہور کی سڑکوں پر اب تک 55 ہزار کلومیٹر سے زائد کوریج کی ہے اور شہر میں 380 مسٹ سپرنکلرز نصب کئے گئے ہیں، جن کی بدولت دھول اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، مسٹ سپرنکلنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔ کارروائیوں کے دوران صوبے بھر میں 432,821 کنفیسکیشنز کی گئی ہیں جبکہ کوئیک ریسپانس یونٹ کی فائر باؤزر گاڑیوں نے سینکڑوں ایکڑ پر لگی آگ پر بروقت قابو پایا اور فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی، اس حوالے سے 173 واقعات رپورٹ ہوئے جن پر فوری ریسپانس کیا گیا۔ صوبے میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 183,400 سے زائد انسپکشنز کی گئیں اور فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، مجموعی طور پر 8,601 نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ 2,539 یونٹس کو سربمہر کیا گیا، صرف لاہور میں 3,178 سیلنگز کی جا چکی ہیں۔ ڈی جی ماحولیات کے مطابق صنعتی آلودگی پر 71 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ہیں، فیل گیس اخراج پر 160 اضافی ایف آئی آرز درج کی گئیں جن کے مقدمات عدالتوں میں جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ سینڈ ٹرالی مانیٹرنگ کے دوران 5,847 انسپکشنز کی گئیں، 128 کیجز ریموو اور 109 ٹرالیاں ریجیکٹ کی گئیں، صنعتی یونٹس کی تازہ چیکنگ میں 40 یونٹس سیل اور 35 کمپلائنٹ قرار پائے، جبکہ بڑے آپریشنز بدستور جاری ہیں۔ ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ ماحولیات سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔