کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، 4 لاکھ سے زائد درخواستوں پر کارروائی مکمل
12-03-2025
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف تھانوں کے فرنٹ ڈیسکس پر مجموعی طور پر 5 لاکھ 97 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ان میں سے 4 لاکھ 8 ہزار سے زائد درخواستوں پر کارروائی مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ 1 لاکھ 89 ہزار سے زائد درخواستیں ضابطے کے مطابق داخل دفتر کر دی گئیں، اس وقت 1228 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔ نمٹائی گئی درخواستوں میں سے 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد درخواستوں پر مقدمات درج کئے گئے، اسی طرح گمشدگی سے متعلق 1 لاکھ 84 ہزار سے زائد درخواستوں پر بھی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر بروقت اور میرٹ پر کارروائی یقینی بنائی جائے، جبکہ سپروائزری افسران کو موصول شکایات کے مؤثر فالو اپ کی خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ سی سی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مظلوم کی داد رسی اور انصاف کی فراہمی لاہور پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں۔