برائلر گوشت مزید سستا، فی کلو قیمت 468 روپے مقرر
12-03-2025
(لاہور نیوز) شہریوں کیلئے پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر ردوبدل دیکھنے میں آیا ہے۔
برائلر کے دام میں 7 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد برائلر گوشت کی نئی قیمت 468 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ صافی گوشت 510 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر بھی 5 روپے تک سستا ہو گیا ہے اور اس کا فارم گیٹ ریٹ 295 روپے فی کلو مقرر ہے، ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 309 روپے جبکہ پرچون بازار میں 323 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور یہ عوام کی قوتِ خرید سے مزید دور ہوتے جا رہے ہیں، انڈوں کے دام 2 روپے بڑھا کر 350 روپے فی درجن مقرر کئے گئے ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 10 ہزار 320 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ صرف تین دنوں کے اندر انڈے 7 روپے فی درجن تک مہنگے ہو چکے ہیں، جس سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔