وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا یو اے ای کے قومی دن پر مبارکباد کا پیغام
12-02-2025
(لاہور نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کی جانب سے یو اے ای کے بھائی بہنوں اور بصیرت افروز قیادت کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان وہ رہنما ہیں جنہوں نے وژن کو حقیقت اور حقیقت کو کامیابی میں بدل کر قیادت کا نیا عالمی معیار قائم کیا۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے ثابت کیا ہے کہ مستقبل کا انتظار نہیں کیا جاتا بلکہ اسے تخلیق کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی خوشی آج ہماری بھی خوشی ہے کیونکہ بھائی کی مسرت، دل کی مسرت ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعلق ایسی اخوت پر مبنی ہے جو سرحدوں کے پیمانے سے ماورا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ جب بھی پاکستان مشکل میں آیا، متحدہ عرب امارات بھائی بن کر ہمارے ساتھ کھڑا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای نے پاکستانیوں کو محض روزگار نہیں دیا بلکہ اپنائیت اور عزت کا احساس بھی دیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی اپنی محنت اور صلاحیت سے برادر ملک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کا رشتہ مستقبل میں بھی ترقی، تعاون اور بھائی چارے کے مزید باب رقم کرے گا۔