زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

12-02-2025

(لاہور نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لحاظ سے کرایوں کی نئی لسٹ جاری کرانے کی ہدایات بھی دیں، ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کرایوں کی کمی کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شفافیت اور انصاف قائم ہو سکے۔ وزیر ٹرانسپورٹ کی ہدایات پر متعلقہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی کارروائی کا آغاز کیا جا سکے، افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور کرایوں کی نئی لسٹ جاری کرانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ عوام کو فوری فائدہ پہنچے۔ تمام آرٹی ایز کو کرایوں میں کمی کے حوالے سے فوری عملی اقدامات کرنے اور رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، اس اقدام کا مقصد ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ہونے والی زیادتیوں کا تدارک کرنا اور شہریوں کو منصفانہ کرائے پر سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔