ٹریفک پولیس لاہور کی اینٹی بیگنگ ٹیم کی کارروائیاں، پیشہ ور بھکاری سڑکوں سے غائب

12-01-2025

(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس لاہور کی اینٹی بیگنگ ٹیم نے مسلسل 250 روز تک جاری رہنے والی کارروائیوں کے دوران شہر کی سڑکوں سے پیشہ ور بھکاریوں کی بڑی تعداد کو ہٹاتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔

سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں 95 فیصد پیشہ ور بھکاریوں کو سڑکیں چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 4380 بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 3595 کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں، گرفتار ہونے والوں میں 2223 خواتین، 1114 مرد، 542 بچے اور 501 خواجہ سرا شامل ہیں۔ سی ٹی او لاہور  نے بتایا کہ کارروائیاں صرف بھکاریوں کو سڑکوں سے ہٹانے تک محدود نہیں رہیں بلکہ ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات بھی کئے گئے،  2219 افراد کو ایدھی ہومز منتقل کیا گیا، 188 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے حوالے کیا گیا، 454 بھکاریوں کو سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے معاونت فراہم کی گئی، 1519 افراد کو طبی مدد سمیت ان کے اہل خانہ سے ملایا گیا یا رہائش کا بندوبست کیا گیا۔ ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق ٹریفک پولیس نہ صرف پیشہ ور بھکاریوں بلکہ ان کے پیچھے موجود گروہوں کے خلاف بھی سرگرم ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی ٹریفک سگنل یا چوراہے پر پیشہ ور بھکاری نظر آئیں تو فوری طور پر 15 پر کال کرکے اطلاع دیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ پیشہ ور بھکاریوں کو سڑکوں سے ہٹا کر فلاحی اداروں تک پہنچانا نہ صرف ٹریفک کی روانی میں مددگار ہے بلکہ انسانیت کی خدمت بھی ہے۔