سکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والی طالبہ بازیاب، ملزم گرفتار

11-29-2025

(ویب ڈیسک) ریس کورس پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 14 سالہ طالبہ کو اغوا کے تین روز بعد چونگی امرسدھو کے علاقے سے بازیاب کروا لیا۔

پولیس  نے واقعے میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق والدین کی جانب سے درخواست موصول ہوتے ہی معاملے کی سنگینی کے پیش نظر فوری کارروائی شروع کی گئی، جدید ٹیکنالوجی اور لوکیشن ٹریسنگ کی مدد سے پولیس ٹیم  نے ملزم کی نشاندہی کی اور کامیاب ریڈ کرتے ہوئے کمسن مغویہ کو بازیاب کرا لیا۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی  نے بتایا کہ لڑکی حجاب تین روز قبل سکول جاتے ہوئے اغوا ہوئی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو سکول جاتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے تفتیش میں اہم مدد ملی۔ پولیس کے مطابق ملزم  نے لڑکی کو ورغلا کر ایک کرائے کے کوارٹر میں  لے جا کر چھپا رکھا تھا، پولیس  نے موقع پر پہنچ کر بچی کو محفوظ حالت میں ریسکیو کیا جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس  نے مزید کہا کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام تر قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔