پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کیلئے بڈنگ فیس مقرر

11-29-2025

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی دو نئی ٹیموں کے لئے بڈز کے معاملے پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دو نئی ٹیموں کی بڈز کے لئے بڈنگ فیس مقرر کردی، دو لاکھ ڈالر سکیورٹی فیس قابل واپسی جبکہ 20 ہزار ڈالر ناقابل واپسی رقم جمع کروانا ہوگی۔ بڈنگ فیس کا مقصد سنجیدہ خریداروں کے ساتھ معاملات طے کرنا ہے، نئی ٹیموں کو خریدنے کے خواہشمند افراد بڈنگ فیس پیشکش کے ساتھ جمع کروائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کچھ غیر سنجیدہ خریدار کمپنی اور اپنی مشہوری کے لئے کاغذات جمع کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں، پی سی بی تمام ڈاکومنٹس کی بھرپور جانچ پڑتال کرنے کے بعد معاملات کو آگے بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کو خریدنے کے لئے بڑی تعداد میں خریدار موجود ہیں، دو نئی ٹیموں کی پیشکش جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔