پولیس افسران کا خصوصی گرین سگنل پروٹوکول ختم

11-28-2025

(ویب ڈیسک) ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے پولیس افسران کیلئے مخصوص گرین سگنل پروٹوکول ختم کر دیا گیا۔

آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کے علاوہ اب تمام پولیس افسران کو ٹریفک سگنلز پر معمول کے مطابق رکنا ہو گا، جس سے شہریوں کیلئے ٹریفک میں اضافی روانی اور نظم کی توقع ہے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ گرین سگنل پروٹوکول کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے، اس فیصلے کے تحت اب ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور دیگر پولیس افسران کو بھی ٹریفک سگنلز پر عام شہریوں کی طرح رکنا ہو گا اور انہیں غیرضروری پروٹوکول فراہم نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے یہ پیغام تمام سرکل افسران کو ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ اس فیصلے کا مکمل طور پر اطلاق ہو سکے، اب پولیس افسران کیلئے خصوصی سڑکیں یا روٹس فراہم نہیں کئے جائیں گے اور یہ اقدام لاہور کے ٹریفک نظام میں بہتری لانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق صرف آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کی موومنٹ کے دوران غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے اور انہیں مخصوص روٹس فراہم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ دیگر پولیس افسران کو معمول کے مطابق ٹریفک میں شامل کیا جائے گا۔