تعطیلات میں اساتذہ کے کنوینس الاؤنس کٹوتی نہ ہونے پر پی اے سی کا نوٹس

11-28-2025

(ویب ڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے تعطیلات کے دوران اساتذہ کے کنوینس الاؤنس میں کٹوتی نہ ہونے پر نوٹس لے لیا۔

کمیٹی نے ایجوکیشن اتھارٹیز سے اضافی الاؤنس کی ادائیگیوں کی تفصیلات فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سال 2022-23 میں اساتذہ کو سوشل سکیورٹی بینیفٹ الاؤنس کی زائد ادائیگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر پی اے سی نے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔ پی اے سی نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (CEOs) کو 10 دسمبر 2025 تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا ہے، جبکہ ڈی پی آئی سکینڈری اور ایلیمنٹری کو اس معاملے پر مفصل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ تعلیم کے محکمے نے بھی اضلاع سے اوور پیمنٹ اور ریکوری کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لی ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے معاملے کی مکمل انکوائری کی سفارش کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام اوور پیمنٹس کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جائے۔ اس سلسلے میں کنوینس الاؤنس اور سوشل سکیورٹی الاؤنس کی تفصیلات جمع کروانے کیلئے باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔