لاہور ہائی کورٹ بار کا اجلاس، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کیخلاف بھرپور احتجاج
11-27-2025
(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ بار کے جنرل ہاؤس اجلاس میں 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کیخلاف بھرپور احتجاج کیا گیا جبکہ صدر ملک آصف احمد نسو نہ کی قیادت میں ریلی بھی نکالی گئی.
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس کا اجلاس 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم کے خلاف صدر بار ملک آصف احمد نسو آنہ کی زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ بار میں منعقد ہوا، اجلاس میں بار کے عہدیداران سمیت وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے ہائیکورٹ بار کے صدرملک آصف احمد نسوانہ ، سیکرٹری فرخ الیاس ، سابق صدر ہائیکورٹ باراحمد اویس ، ممبر پاکستان بار کونسل شفقت محمود چوہان سمیت دیگر وکلاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم آئین کی روح اور عدلیہ کی خودمختاری کے خلاف ہیں، آئین کی اصل شکل بحال کرا کر ہی دم لیں گے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ وکلا برادری نے ماضی میں بھی ایک بھرپور، منظم اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تحریک چلائی تھی، جس کے نتیجے میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی، اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے چیئرنگ کراس تک پرامن ریلی بھی نکالی، اس موقع پر وکلاء نے مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پرآئینی ترامیم کے خلاف نعرے اور مطالبات درج تھے۔