ایف بی آر کا آئی ایم ایف شرائط پر مختلف شعبوں کا آڈٹ تیز کرنے کا فیصلہ
11-26-2025
(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈاکٹرز، بیوٹی پارلرز اور پینٹ سیکٹر کا آڈٹ شروع کر دیا۔
ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق مختلف شعبوں کا آڈٹ تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق بڑے شہروں کے ڈاکٹرز اور بیوٹی پارلرز ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے، کراچی، لاہور، اسلام آباد میں بڑے ڈاکٹرز کو نوٹس جاری کرنے کے عمل کا آغاز ہو گیا، پہلے مرحلے میں تینوں بڑے شہروں میں 250 مہنگے ڈاکٹرز کی آمدن کا آڈٹ ہو گا۔ ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں مہنگے بیوٹی پارلرز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، مہنگی کاسمیٹکس بیچنے والوں کو بھی ٹیکس نیٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ پینٹ انڈسٹری میں بھی ٹیکس چوری، نجی کمپنیاں زد میں آئیں گی، مختلف شعبوں کے آڈٹ کیلئے 600 نجی آڈیٹرز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق اگلے چند روز میں مزید 200 نجی آڈیٹرز ہائر کئے جائیں گے، ایف بی آر مجموعی طور پر 2 ہزار نجی آڈیٹرز کی خدمات حاصل کرے گا، نجی آڈیٹرز ٹیکس دہندگان کی معلومات خفیہ رکھنے کے پابند ہوں گے۔