پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء، 33 ہزار سے زائد شہریوں نے استفادہ کیا
11-26-2025
(ویب ڈیسک) پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس کے تحت رواں ماہ 33 ہزار سے زائد شہریوں نے لائسنسنگ یونٹس سے استفادہ کیا۔
پنجاب کے 27 اضلاع میں قائم پنک اور بلیو لائسنسنگ یونٹس شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، اعدادوشمار کے مطابق، 12 ہزار شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیا، جبکہ 13 ہزار افراد نے فریش ریگولر لائسنس بنوائے۔ اس کے علاوہ، 5 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لائسنس کی تجدید کروائی، لائسنسنگ یونٹس کی اس سہولت سے شہریوں کو بے حد راحت ملی ہے، خصوصاً ان افراد کو جو لائسنس کے حصول کیلئے دفاتر کا طویل سفر کرنے سے بچ رہے ہیں۔ پنک لائسنسنگ یونٹس خاص طور پر خواتین کیلئے قائم کئے گئے ہیں تاکہ وہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں زیادہ سہولت محسوس کریں، ان یونٹس کی فعالیت لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں شروع کی جا چکی ہے، ان یونٹس کے ذریعے 4500 سے زائد خواتین کو پنک موبائل لائسنسنگ یونٹ کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی۔ ترجمان نے اس بات کی وضاحت کی کہ پنک موبائل لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے خواتین کو خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے گھر کے قریب ہی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں، اس سہولت کے آغاز سے خواتین کیلئے لائسنس کے حصول کے عمل میں مزید آسانی اور سہولت آئی ہے۔