اجتماع عام کے کامیاب انعقاد پر ضلع انتظامیہ کے مشکور ہیں، لیاقت بلوچ
11-26-2025
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے نائب امیر اور ناظم اجتماع لیاقت بلوچ کی زیر صدارت مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک میں بحالی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے نمائندگان اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے شرکت کی اور گریٹر اقبال پارک اور دیگر مقامات کی صفائی اور بحالی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے۔ لیاقت بلوچ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ گریٹر اقبال پارک سمیت تمام اہم مقامات کی صفائی اور بحالی ہماری اولین ذمہ داری ہے اور ہم اس پر پوری محنت سے کام کر رہے ہیں، بادشاہی مسجد اور گردوارہ کے احاطے کی صفائی و بحالی مکمل کر کے انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں گریٹر اقبال پارک کی صفائی اور بحالی کا کام بھی مکمل ہو جائے گا۔ اجلاس کے دوران لیاقت بلوچ نے ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، چیف ٹریفک آفیسر لاہور، لیسکو چیف، ایم ڈی واسا اور ڈی جی پی ایچ اے کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی، پاکستان ریلوے، پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ اوقاف کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ صفائی و بحالی کے کام مکمل ہونے کے بعد تمام محکموں کے کارکنان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا جائے گا، جماعت اسلامی کے کارکنان نے اجتماع عام کو پرامن رکھنے اور سیاسی، آئینی و جمہوری عہد کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ جماعت اسلامی کا اجتماع عام نفرتوں، تفرقوں اور تعصبات کے خلاف ایک اہم قدم ثابت ہو گا، یہ اجتماع ایک قوم کی صورت میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دے گا اور نفرتوں اور تفرقوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا۔