ایس ایچ او فیکٹری ایریا کی کارروائی، دو منشیات فروش گرفتار
11-26-2025
(لاہور نیوز) ایس ایچ او فیکٹری ایریا اشفاق خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی باشندے سمیت دو منشیات فروش گرفتار کر لئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان میں ایک غیر ملکی باشندہ بھی شامل ہے، دونوں ملزمان منشیات کی سپلائی دے رہے تھے اور ان کے قبضے سے ڈھائی کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی ہے۔ ایس ایچ او فیکٹری ایریا اشفاق خان کی قیادت میں کی جانے والی اس کارروائی میں ملزمان نے پولیس کے سامنے یہ اعتراف کیا کہ وہ آن لائن طریقے سے منشیات منگوا کر مختلف علاقوں میں بیچتے تھے۔ اے ایس پی ڈیفنس بریرہ نے اس کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور مزید تحقیقات کے لئے ہدایات جاری کیں، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی کینٹ، اخلاق اللہ تارڑ نے ایس ایچ او فیکٹری ایریا اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہم پرعزم ہیں اور اس میں عوام کا ساتھ بھی ضروری ہے، پولیس کسی بھی قیمت پر منشیات فروشوں کے خاتمے کے لئے اپنا کام جاری رکھے گی۔