نوجوان لڑکیوں کو ڈیجیٹل سیلف پروٹیکشن کی تربیت دینا وقت کی ضرورت ہے، حنا پرویز بٹ

11-25-2025

(لاہور نیوز) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ نوجوان لڑکیوں کو ڈیجیٹل سیلف پروٹیکشن کی تربیت دینا وقت کی ضرورت ہے۔

حنا پرویز بٹ نے ڈیجیٹل تشدد کے خلاف تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو آن لائن بلیک میلنگ اور سائبر ہراسانی کے خلاف فوری قانونی مدد فراہم کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل تشدد کو نظر انداز کرنا معاشرے کیلئے بہت زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ نوجوان لڑکیوں کو ڈیجیٹل سیلف پروٹیکشن کی ٹریننگ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ آن لائن دنیا میں اپنی ذاتی معلومات کو محفوظ رکھ سکیں، طالبات اپنی نجی معلومات کبھی بھی نامعلوم افراد کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ اس سے نہ صرف ان کی ذاتی زندگی متاثر ہو سکتی ہے بلکہ ان کے ساتھ آن لائن دھمکیاں اور بلیک میلنگ کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ "پِنک وین" خواتین کو دہلیز پر ایف آئی آر، شکایات اور پولیس سروسز فراہم کر رہی ہے جس سے خواتین کو فوری انصاف اور مدد مل رہی ہے، یہ سروس خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک اہم قدم ہے، خاص طور پر جب ان کا سامنا آن لائن بلیک میلنگ اور سائبر کرائم سے ہو۔ حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں اور اس سے خواتین کی عزت و وقار کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔