پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے شیڈول کا اعلان

11-25-2025

(ویب ڈیسک) پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے ۔

میٹرک کے امتحانات 3 مارچ 2026 سے شروع ہوں گے، جبکہ انٹرمیڈیٹ کے بورڈ امتحانات کا آغاز 5 مئی 2026 سے ہوگا۔ علاوہ ازیں محکمہ تعلیم کی جانب سے نئے سیشن کے لیے داخلہ پالیسی میں تبدیلی کردی گئی ہے ،اپ ڈیٹ شدہ سکول کیلنڈر اور نصاب میں ترمیمات کی بھی منظوری دی گئی ۔ نیا تعلیمی سال یکم اپریل 2026 سے شروع ہوگا،سرکاری سکولوں میں مفت درسی کتب کی تقسیم 5 اپریل سے کی جائے گی۔ دوسری جانب میٹرک اورانٹرمیڈیٹ امتحانات میں ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کومعاوضوں کی عدم ادائیگی کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ۔ لاہور تعلیمی بورڈ نے سٹاف کی چھٹیاں بند کر دیں،7 ماہ گزرنے کے باوجود امتحانات کی نگرانی پرمامورہزاروں اساتذہ کومعاوضہ نہیں ملا تھا۔ لاہورتعلیمی بورڈ نے سپروائزری سٹاف کوادائیگیوں کاعمل تیزکر دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ جن اساتذہ کو ادائیگیاں نہیں ہوئیں ان کے بینک اکاؤنٹ درکار ہیں، بورڈ سٹاف معاوضے سے محروم سپروائزری سٹاف کوادائیگیاں کرے گا۔