پنجاب بھر میں سموگ کے تدارک کیلئے کارروائیاں، 41 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل

11-24-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں سموگ کے تدارک کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر  نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں، ترجمان کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مہم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 17 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے، جبکہ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 116 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں ماہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 87 ہزار سے زائد چالان جاری کئے گئے ہیں، اسی سلسلے میں 41 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ اور 35 سے زائد ماحول دشمن گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کئے گئے ہیں جبکہ 24 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق 13 ہزار سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا گیا، جبکہ 5 ہزار سے زائد ریت اور مٹی سے لوڈڈ بغیر کور گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر دو ہزار روپے تک جرمانہ اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، انہوں  نے شہریوں پر زور دیا کہ گاڑیوں کی باقاعدہ مینٹیننس کو یقینی بنائیں اور سموگ کے خاتمے کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈی آئی جی محمد وقاص نذیر  نے مزید کہا کہ گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں بے شمار بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنتا ہے، اس لئے پنجاب کے صاف ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے اس کا خاتمہ ضروری ہے۔