نیلا گنبد کی بحالی منصوبے سے سائیکل مارکیٹ میں کاروبار متاثر

11-22-2025

(ویب ڈیسک) نیلا گنبد کی بحالی کیلئے جاری تعمیراتی کام کے باعث سائیکل مارکیٹ کا مرکزی راستہ بند ہو گیا ہے جس سے دکانداروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرہ دکانداروں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکام سے فوری توجہ دینے کی اپیل کی۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے خریداروں کی آمد میں کمی آ گئی ہے اور ان کا کاروبار تقریباً دو ماہ سے متاثر ہو رہا ہے۔ متاثرین کا کہنا تھا انہوں نے ڈپٹی کمشنر لاہور سے درخواست کی ہے کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے اور انہیں فوری امداد فراہم کی جائے۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ نیلا گنبد کے قریب سائیکل مارکیٹ میں کاروبار کرنے والے اکثر دکاندار روزانہ کی بنیاد پر روزگار کما کر اپنے خاندانوں کی ضروریات پوری کرتے ہیں، مگر اس وقت راستوں کی بندش کی وجہ سے ان کی معاشی حالت بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ دکانداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ نیلا گنبد کے بحالی منصوبے کی تکمیل تک ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے، تاکہ وہ اپنے کاروبار کو دوبارہ بہتر بنا سکیں۔