روایتی بھٹوں کا خاتمہ، جدید تعمیراتی طریقے اپنائے جا رہے ہیں، مریم اورنگزیب
11-22-2025
(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں روایتی طریقے سے اینٹیں بنانے والے بھٹے ختم کئے جا رہے ہیں اور انہیں جدید طریقوں سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے اس بات کا انکشاف کیا کہ تمام بھٹوں کی جیومیپنگ کی جا چکی ہے، ان کی کیو آر کوڈنگ اور ڈرون سروے بھی مکمل کر لئے گئے ہیں اور اب ان تمام بھٹوں کو سینٹرل مانیٹرنگ ڈیش بورڈ سے لنک کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی عمارتیں بھی بلاک بیسڈ تعمیراتی طریقے پر منتقل ہو رہی ہیں، جس سے روایتی بھٹوں کی ضرورت میں کمی آ رہی ہے اور ماحول دوست طریقوں کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ایک مہم کے ذریعے بھٹوں پر بچوں سے مزدوری کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، اس مہم کے تحت بچوں کو کام کرنے سے روکا گیا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی اس جدید پالیسی کا مقصد تعمیراتی صنعت کو ایک نیا اور ماحولیاتی طور پر پائیدار رخ دینا ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی اور بلاک بیسڈ طریقوں سے اینٹیں بنائی جا سکیں، اس کے علاوہ بچوں سے جبری مزدوری کی روک تھام کے لئے حکومت کا عزم مزید پختہ ہو گیا ہے۔