شہر کی فضا آلودہ، آلودگی کی سطح بلند رہنے کی پیشگوئی

11-22-2025

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کا فضائی معیار آج بھی متاثر رہا اور فضا میں آلودگی کی شرح معمول سے بلند رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق شہر میں آلودگی کے ذرات کی مقدار صبح کے اوقات میں زیادہ ہونے کی توقع ہے، جب کم درجہ حرارت اور ہلکی ہوا کے باعث آلودگی کا مواد فضا میں رکنے کا امکان ہے، دوپہر کے وقت میں ہوا میں معمولی بہتری آنے کی توقع ہے جب قدرے تیز ہوا چلنے سے فضا میں آلودگی کی مقدار کم ہو سکتی ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک فضا میں کچھ حد تک بہتری کے امکانات ہیں، مگر صبح اور رات کے وقت آلودگی کی مقدار میں پھر سے اضافے کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے کہا کہ بروقت اقدامات سے سموگ میں واضح کمی آئی ہے اور عوام کے تعاون سے مزید بہتری کی امید ہے، انہوں  نے تمام متعلقہ اداروں کو آلودگی کے ذرائع کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے، خصوصاً کھلی جگہوں پر جلانے کی سرگرمیوں کی نگرانی کو مزید سخت کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر سانس یا آنکھوں میں تکلیف ہو تو فوری طور پر طبی مشورہ حاصل کریں، کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے اور شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ صبح اور رات کے اوقات میں گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ رکنے یا اشارے پر گاڑی کا انجن بند رکھنے سے فضا میں آلودگی کی مقدار میں کمی آتی ہے، شہری عوامی سواریوں کا استعمال کرکے آلودگی میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ محکمہ ماحولیات نے کھیتوں میں باقیات جلانے پر عائد پابندی کے مثبت نتائج کو سراہا ہے اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کچرا، پتے یا لکڑی جلانے سے گریز کریں، کیونکہ ان سرگرمیوں سے فضا بری طرح متاثر ہوتی ہے۔