لاکھوں روپے نقدی اور سونا چرانے والے ڈکیت گینگ کے تین ملزمان گرفتار

11-22-2025

(لاہور نیوز) تھانہ الہ آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی اور سونا چرانے والے ڈکیت گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 20 لاکھ روپے نقدی اور چھ تولے طلائی زیورات برآمد ہوئے، یہ گینگ الہ آباد کے رہائشی سرفراز احمد اور امجد مقصود کے گھروں سے متعدد وارداتیں کر چکا تھا، جن میں قیمتی سامان، نقدی اور زیورات چوری کئے گئے تھے۔ ایس ایچ او الہ آباد ابرار جمیل خان کی سربراہی میں پولیس نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا اور ان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی رقم اور زیورات کو مالکان کے حوالے کیا، اس کامیاب کارروائی پر شہریوں نے پولیس کی بروقت کارکردگی اور محنت کو سراہا۔ شہریوں نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی کارروائیاں شہر میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کریں گی، پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ ان کے مزید ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جائے گا۔