پنجاب : مزدوروں کی سوشل سکیورٹی شراکت داری کو قانونی تحفظ دینے کی تیاریاں تیز
11-21-2025
(لاہور نیوز) پنجاب میں مزدوروں کی سوشل سیکیورٹی شراکت داری کو قانونی تحفظ دینے کے لیے محکمہ لیبر نے ’’ویج سیلنگ‘‘ کا معاملہ ایک مرتبہ پھر پنجاب حکومت کے سامنے رکھ دیا۔
محکمہ لیبر کے مطابق 2022 میں بڑھائی گئی کم از کم اجرت اور سوشل سیکیورٹی کے لیے مقرر پرانی تنخواہ کی حد کے درمیان موجود تضاد کو ختم کیا جائے گا، عدالت پہلے ہی حکومت کو 30 روز کے اندر اس حوالے سے قانون سازی کا حکم دے چکی ہے۔ حکام کے مطابق ویج سیلنگ میں مجوزہ ترمیم نہ صرف مزدوروں کی سوشل سیکیورٹی مراعات کو بہتر کرے گی بلکہ آجرین اور اداروں کی شراکت داری کی شرح بھی واضح ہو جائے گی، اس سے نظام زیادہ شفاف اور قابلِ عمل ہو جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر معاملہ جلد حل نہ ہوا تو قانونی پیچیدگیاں مزید بڑھ سکتی ہیں جبکہ حکومت کو کم از کم اجرت اور تنخواہ کی حد کو ہم آہنگ کرنے کا فوری فیصلہ کرنا ہوگا تاکہ مزدوروں اور اداروں دونوں کے لیے قانونی عمل آسان بنایا جا سکے۔