چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور، بچوں کے استحصال پر زیرو ٹالرنس ہے، مریم اورنگزیب

11-21-2025

(لاہور نیوز) سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور کر لی۔

مریم اورنگزیب نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر بچوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب کی بچوں سے زیادتی اور استحصال کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، بچوں پر تشدد وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ریڈ لائن ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سینئر وزیر  نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے چیئرپرسن  چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی جانب سے پیش کی گئی پاکستان کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دی ہے جو بچوں کے حقوق کے تحفظ میں ایک اہم قدم ثابت ہو گی۔ مریم اورنگزیب نے سارہ احمد کی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کیلئے مثالی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ یونیسیف پاکستان کے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ مل کر پنجاب کے سات اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم کرنے پر شکریہ ادا کرتی ہوں، حکومت پنجاب کی جانب سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ سینئر وزیر  نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر بچوں کی حفاظت، حقوق کی پاسداری اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب بچوں کیلئے ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔