وزیراعظم کا پی آئی اے کی نجکاری شفافیت سے مکمل کرنے کی ہدایت
11-21-2025
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل کو تیز اور شفاف طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پی آئی اے کے امور پر اہم اجلاس ہوا، جس میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پی آئی اے کے فلیٹ میں قابلِ پرواز طیاروں کی تعداد بڑھانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت دی، انہوں نے پی آئی اے کی پروازوں کی بروقت روانگی کو بھی یقینی بنانے کے احکامات دیئے، تاکہ مسافروں کو بہترین سروس فراہم کی جا سکے۔ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری اور بزنس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے 4 پارٹیز کو پری-کوالیفائی کیا گیا ہے، جلد ہی پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بڈنگ کا عمل شروع کیا جائے گا، اس کے علاوہ، اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کی جائے گی، جس سے قومی ایئر لائن کی مالی حالت میں بہتری آ سکے گی۔ وزیراعظم نے اس بات کی وضاحت کی کہ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ایئر لائن کا نام اور اس کی تھیم نہیں بدلی جائے گی، تاکہ عوامی سطح پر کسی قسم کا کنفیوژن پیدا نہ ہو اور پی آئی اے کے برانڈ کی شناخت برقرار رہے۔ بزنس پلان کے مطابق، 2029 تک پی آئی اے کے فلیٹ میں قابلِ پرواز طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد پی آئی اے کی کارکردگی میں بہتری لانا اور بین الاقوامی سطح پر اس کی مسابقت کو بڑھانا ہے۔ وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس عمل کو شفاف اور جلد از جلد مکمل کریں تاکہ قومی ایئر لائن کے مستقبل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔