ملک بھر میں اب تک 19 ہزار میگا واٹ بجلی کے صارفین سولر توانائی پر منتقل
11-21-2025
(لاہور نیوز) مہنگی بجلی سے جان چھڑانے کیلئے صارفین کا سولر توانائی کی طرف منتقل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور سمیت پورے ملک میں اب تک 19 ہزار میگا واٹ بجلی کے صارفین سولر توانائی کے استعمال کی طرف منتقل ہو چکے ہیں، اس میں آف گرڈ اور نیٹ میٹرنگ دونوں قسم کے سولر سسٹمز شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق، آف گرڈ کے تحت 13 ہزار میگا واٹ کے سولر سسٹمز نصب کئے جا چکے ہیں، جبکہ نیٹ میٹرنگ کے تحت 6 ہزار 340 میگا واٹ کے سسٹمز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، نیٹ میٹرنگ سسٹم کے ذریعے صارفین اپنے اضافی پیدا کردہ بجلی کو قومی گرڈ میں واپس بھیج سکتے ہیں، جس سے ان کی بجلی کی قیمتوں میں کمی آتی ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں نیٹ میٹرنگ سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 4 لاکھ 24 ہزار 841 تک پہنچ چکی ہے، اس کے علاوہ، 18 ہزار 874 نیٹ میٹرنگ صارفین کی درخواستیں متعلقہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے پاس موصول ہو چکی ہیں، جو کہ سولر توانائی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور صارفین کے لئے ایک مثبت اشارہ ہے۔ ماہرین کے مطابق، سولر توانائی پر منتقلی نہ صرف بجلی کے اخراجات میں کمی کا باعث بن رہی ہے بلکہ یہ ماحول دوست توانائی کا استعمال بڑھانے کی طرف بھی ایک اہم قدم ہے، حکومت کی طرف سے سولر توانائی کی ترغیب دینے کے لئے مختلف سکیمیں اور مراعات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے صارفین کی سولر سسٹمز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔