بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 65 پیسے کمی کی تجویز
11-21-2025
(ویب ڈیسک) بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کی مد میں 65 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دائر کر دی ہے۔ سی پی پی اے کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست کے مطابق فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 65 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے، نیپرا نے درخواست موصول ہونے کے بعد سماعت کے لئے 27 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیپرا کی جانب سے سماعت کے دوران اگر اس درخواست کی منظوری دے دی جاتی ہے تو ماہِ دسمبر میں صارفین کو بجلی کے بلوں میں کمی کا فائدہ ملے گا۔ ذرائع کے مطابق اگر منظوری مل جاتی ہے تو دسمبر کے بلوں میں صارفین کو 65 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف ملے گا، جس سے عوام کو مالی طور پر سہولت حاصل ہو گی۔