کھجور کی سب سے اعلیٰ قسم مجدول کے بیج درآمد کرنے کا فیصلہ

11-21-2025

(ویب ڈیسک) پاکستان نے کھجور کی سب سے ہائی ویلیو قسم "مجدول" کے بیجوں کو درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ کا اجلاس حالیہ دنوں میں منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری غذائی تحفظ نے مختلف زرعی اصلاحات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 1999 میں پاکستان میں ہائبرڈ چاول کی قسم متعارف کرائی گئی تھی اور اب سیڈ سیکٹر میں مزید اصلاحات کی جا رہی ہیں، اس ضمن میں رولز میں تبدیلی کرتے ہوئے کاٹن کی درآمد کی اجازت دی گئی ہے اور سیڈ اپروول کے عمل کو 7 سال سے کم کر کے صرف 3 سال تک محدود کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری فوڈ نے اس بات کا ذکر کیا کہ حکومت نے اس سال کھجور کی پیداوار میں بھی بہت محنت کی اور مستقبل میں "مجدول" کھجور کی درآمد سے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا، مجدول کھجور کی کاشت نہ صرف اقتصادی فوائد فراہم کرے گی، بلکہ اس سے کسانوں کی آمدنی میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گا۔ پاکستان میں سوہنی دھرتی سیڈ کے حکام  نے بتایا کہ ہم  نے سب سے پہلے مکئی کے بیج کی مقامی پیداوار شروع کی تھی اور اس وقت پاکستان میں مکئی کے بیج کی 80 فیصد پیداوار مقامی سطح پر ہو رہی ہے، اس سال ہم مکئی کے بیج کی ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں، جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ حکام نے مزید کہا کہ "نان جی ایم او" مکئی کی پیداوار کو ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ یہ پاکستان کیلئے فائدہ مند ہے، اس کے نتیجے میں مکئی کے بیج کی درآمدات میں 50 فیصد کمی آئی ہے، جو ملکی معیشت کیلئے ایک بڑا فائدہ ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان میں زرعی اصلاحات اور نیا بیج سیکٹر سرمایہ کاری کی جانب اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے، جو نہ صرف کسانوں کی معیشت کو بہتر بنائے گا بلکہ ملکی زرعی پیداوار میں بھی اضافہ کرے گا۔