بارشی پانی محفوظ کرنے کیلئے واسا کا انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک منصوبہ شروع

11-20-2025

(لاہور نیوز) لاہور شہر میں بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

 واسا نے لکشمی چوک میں جمع ہونے والا بارشی پانی محفوظ بنانے کے لیے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے واسا کو منصوبے کی فوری پلاننگ اور ڈیزائن پر کام کی ہدایات دے دی ہیں۔ اس سے قبل واسا نے لکشمی چوک میں نیا ڈسپوزل سٹیشن تعمیر کیا تھا جس کے باعث ری ماڈلنگ کے بعد وہاں بارشی پانی صرف چند گھنٹے جمع ہوتا تھا، جسے بعدازاں ڈرین میں بہا دیا جاتا تھا، اب ڈسپوزل کے ذریعے نکالا جانے والا پانی ضائع کرنے کے بجائے محفوظ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق لکشمی چوک کے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کے ڈیزائن اور لاگت پر کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ یہ منصوبہ واسا کی اپنی فنڈنگ یا حکومتی فنڈنگ سے مکمل کیا جائے گا، جس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ لکشمی چوک میں زیرِ زمین واٹر ٹینک بننے سے بارشی پانی کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جائے گا اور جمع ہونے والا پانی قابلِ استعمال بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے واسا کوپر روڈ پر بھی اسی نوعیت کا انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک تعمیر کر رہا ہے۔