محکمہ جنگلات کی کارروائی، کنٹینر سے 906.25 مکعب فٹ لکڑی برآمد
11-20-2025
(ویب ڈیسک) محکمہ جنگلات نے ایک بڑی کارروائی کے دوران لکڑی سمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
چکوال میں ایک کنٹینر سے 906.25 مکعب فٹ لکڑی برآمد کر کے اسے بحق سرکار ضبط کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، جہلم اور چکوال کے ڈویژن فاریسٹ آفیسرز (ڈی ایف اوز) نے مل کر اس کارروائی کو عملی جامہ پہنایا، سمگل کی جانے والی لکڑی میں چیر، کیل اور پرتال کی اقسام شامل تھیں جو غیرقانونی طور پر پاکستان سے باہر بھیجی جا رہی تھی۔ اس کارروائی کے دوران لکڑی سمگل کرنے والے شخص پر 73 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، جو کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی لکڑی سمگلر پر عائد ہونے والا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کے تحت اُٹھایا گیا ہے تاکہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈویژن فاریسٹ آفیسر نے بتایا کہ یہ کارروائی جنگلات کے وسائل کی غیر قانونی کٹائی اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کی گئی ہے، ہمارا مقصد نہ صرف جنگلات کے قدرتی وسائل کا تحفظ کرنا ہے، بلکہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دے کر اس جرم کو ختم کرنا بھی ہے۔