پاکستان کرکٹ بورڈ کا قذافی سٹیڈیم کی کمرشل سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ
11-20-2025
(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی سٹیڈیم کی کمرشل سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سٹیڈیم کے اردگرد موجود کمرشل ایریا کو دوبارہ فعال کیا جائے گا، گزشتہ برس قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے بعد سے یہ کمرشل سرگرمیاں معطل تھیں، لیکن اب پی سی بی نے ان سرگرمیوں کو دوبارہ بحال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن سے پہلے سٹیڈیم کے اردگرد متعدد ریسٹورنٹس، دکانیں اور شادی ہالز قائم تھے جن سے کمرشل سرگرمیوں میں اضافہ اور سٹیڈیم کے گرد معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی تھیں، تاہم، اپ گریڈیشن کے بعد یہ تمام سرگرمیاں معطل ہو گئی تھیں۔ پی سی بی کی جانب سے کمرشل ایریا کی بحالی کیلئے آرکیٹیکچرل کنسلٹنسی کی پیشکشیں طلب کی گئی ہیں، پی سی بی نے اس حوالے سے کنسلٹنسی کیلئے پیشکشیں 12 دسمبر تک طلب کی ہیں، تاکہ قذافی سٹیڈیم کے کمرشل ایریا کو دوبارہ فعال کیا جا سکے۔ پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد قذافی سٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے سے نہ صرف سٹیڈیم کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو گی بلکہ لاہور اور پنجاب میں کرکٹ کے شائقین کیلئے مزید تفریحی اور کمرشل مواقع پیدا ہوں گے۔