صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات کی روڈ بحالی پروگرام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
11-20-2025
(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کر دی گئی جس کے تحت روڈ سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں صوبہ بھر میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو روڈ سیکٹر میں جاری منصوبوں کی تعمیراتی پروگریس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، اسپیشل سیکرٹری ایڈمن صائمہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجنیئرز اور ایکسین نے آن لائن شرکت کی۔ صوبائی وزیر کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ منصوبوں، جیسے ملتان وہاڑی روڈ، واہگہ بارڈر روڈ اور فیصل آباد چنیوٹ روڈ کی تعمیر پر تیزی سے جاری کام کی تفصیلات فراہم کی گئیں، وزیر اعلیٰ کے ان منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ بروقت تکمیل ممکن ہو سکے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ روڈ بحالی پروگرام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوامی سطح پر اس کے فوائد سامنے آئیں۔ صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ لوکل روڈ پروگرام کی سکیموں کو جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ہر ایکسین اپنے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سی) سے میٹنگ کریں تاکہ منصوبوں کی فوری تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے واضح کیا کہ جو افسران اپنی کارکردگی میں کمی لائیں گے یا فنڈز کا بروقت استعمال نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی اور فنڈز کی غیر مؤثر استعمال کے حوالے سے ایک لسٹ تیار کی جائے گی اور منصوبوں کو بروقت مکمل نہ کرنے والے ایکسین کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ پنجاب بھر میں سڑکوں کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ بھر میں معاشی اور سماجی ترقی کو فروغ ملے گا، انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں۔