موٹروے راوی پل پر مرمت کے باعث دو لین بند، ٹریفک سنگل لین پر منتقل

11-19-2025

(لاہور نیوز) موٹروے راوی پل پر مرمت کے کام کے باعث دو لین عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں جس کے بعد ٹریفک کو سنگل لین پر منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اس صورتحال کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ سے راوی پل تک دوپہر 3 بجے سے رات 9 بجے تک شدید ٹریفک دباؤ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان کے مطابق موٹروے پر ٹھوکر نیاز بیگ سے ہیوی ٹرانسپورٹ کی انٹری بھی بند کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھا جا سکے، ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری اور پٹرولنگ موبائلز تعینات کر دی گئی ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور موٹروے پولیس کی ہدایات پر مکمل عمل کریں، سفر سے قبل ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کی جائیں، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی یا معلومات کیلئے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔