پنجاب میں سکول ٹیچرز انٹرنز کی دوبارہ بھرتیوں کا آغاز
11-19-2025
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سکول ٹیچرز انٹرنز کی دوبارہ بھرتیوں کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
دو روز تک بند رہنے کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب کا آن لائن پورٹل جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، تاہم امیدوار اب بھی درخواست جمع کروانے میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ درخواست دہندگان کے مطابق پورٹل میں مسلسل تکنیکی خرابیاں سامنے آ رہی ہیں، لاگ اِن، ڈیٹا سیو ہونے اور فارم جمع کروانے کے مراحل میں بار بار ایرر آ رہے ہیں جس کی وجہ سے درخواستوں کا بروقت اندراج مشکل ہو گیا ہے۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ پورٹل بار بار کریش ہو رہا ہے اور بعض اوقات بالکل کھل ہی نہیں رہا۔ بھرتی کیلئے محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے 15 ہزار سے زائد آسامیوں پر درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں، امیدوار 12 نومبر سے 21 نومبر تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ ترجمان محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ٹیم پورٹل کی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے کام کر رہی ہے اور جلد ہی پورٹل مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا تاکہ امیدوار آسانی سے درخواستیں جمع کروا سکیں۔