ملتان سلطانز کی پی ایس ایل مینجمنٹ سے نیا آفر لیٹر نہ ملنے پر وضاحت طلب
11-18-2025
(لاہور نیوز) ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) مینجمنٹ کو ایک اور خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے نیا آفر لیٹر نہ ملنے پر وضاحت طلب کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کی مینجمنٹ نے پی ایس ایل انتظامیہ سے ویلیوایشن رپورٹ اور آفر لیٹر کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ آئندہ سیزن کیلئے ٹیم کا معاہدہ طے کیا جا سکے۔ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز سمیت تمام ٹیموں کا پرانا معاہدہ 31 دسمبر تک قابل عمل ہے، پی ایس ایل مینجمنٹ نے ابھی تک ملتان سلطانز کا معاہدہ نہ تو معطل کیا ہے اور نہ ہی منسوخ کیا ہے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے نیا معاہدہ ارسال نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل مینجمنٹ نے نان کمپلائنس کی وجہ سے ملتان سلطانز کو نیا معاہدہ ارسال نہیں کیا تھا، اس کے باوجود ملتان سلطانز کے مالک علی ترین پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف مسلسل بیان بازی کرتے رہے ہیں جس کے باعث بات چیت میں مزید پیچیدگیاں آ گئیں۔ پی سی بی نے ملتان سلطانز کو قانونی نوٹس بھی بھیجا تھا جسے علی ترین نے پھاڑ دیا تھا جس سے معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا، علی ترین کی اس کارروائی نے پی ایس ایل مینجمنٹ اور ملتان سلطانز کے درمیان تنازعہ کو بڑھا دیا ہے۔