اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 ملزمان گرفتار

11-18-2025

(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔

اس دوران 4 مختلف کارروائیوں میں خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 1 کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 17.8 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ اے این ایف کی خصوصی ٹیم  نے اسلام آباد کے کاک پل کے قریب دو ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، اسی طرح فاروق اعظم کالونی اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل سوار ملزم سے 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان  نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کر رہے تھے۔ اے این ایف کی ٹیم  نے علامہ اقبال ائیرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں ایک گاڑی سے 12 کلوگرام ویڈ برآمد کی اور 2 ملزمان کو گرفتار کیا، اسی طرح موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک مسافر خاتون اور مرد سے 3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اے این ایف کے ترجمان  نے اس کارروائی کے دوران منشیات کی سمگلنگ اور پھیلاؤ کے خلاف بھرپور اقدامات اٹھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔