پنجاب: فصلوں کی باقیات جلانے میں 70 فیصد کمی
11-18-2025
(لاہور نیوز) پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب حکومت نے فیلڈ آپریشن حکمتِ عملی کو بہتر بنایا ہے جس کے نتیجے میں فصلوں کی باقیات جلانے میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔ پنجاب میں پہلی بار فائر فائٹ باؤزرز کا آغاز کیا گیا ہے جو کہطاقتور ٹریکٹرز، 6 ہزار لٹر پانی کی گنجائش رکھنے والے واٹر باؤزرز اور 120 میٹر تک پانی پھینکنے والی ہائی پریشر واٹر گنز سے لیس ہیں، ان جدید آلات نے مشکل ترین علاقوں میں بھی فصلوں کی آگ کو پھیلنے سے پہلے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پنجاب بھر میں 67 کوئیک ریسپانس یونٹس کو متحرک کیا گیا ہے جنہوں نے موٹرویز اور زرعی اضلاع میں سینکڑوں ایکڑ پر لگی آگ کو چند منٹوں میں کنٹرول کیا، ان یونٹس نے فوری ردعمل کے ذریعے دھوئیں کے اخراج میں نمایاں کمی پیدا کی ہے جس سے فضائی آلودگی کی سطح کم ہوئی ہے۔ پنجاب حکومت نے 9 سرویلنس سکواڈز تشکیل دیئے ہیں جو 8 بیٹس پر مسلسل 24 گھنٹے مانیٹرنگ کرتے ہیں، جیسے ہی آگ کے سگنلز ملتے ہیں، ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتی ہیں جس کی وجہ سے فصلوں کی باقیات جلانے کا مسئلہ پہلی بار بڑے پیمانے پر کنٹرول کیا گیا ہے۔ شیخوپورہ میں سب سے زیادہ 22 کوئیک ریسپانس یونٹس کی تعیناتی کی گئی ہے، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، قصور، حافظ آباد، سیالکوٹ اور ننکانہ صاحب میں بھی متعدد یونٹس قائم کئے گئے ہیں جنہوں نے ان تمام علاقوں کے ہاٹ سپاٹس (آگ کی تیز پھیلاؤ والی جگہوں) کو مؤثر طریقے سے کور کیا۔ ان اقدامات کی بدولت پنجاب میں فضائی آلودگی کے بڑے سرکل کو توڑ دیا گیا ہے اور ایئر کوالٹی میں نمایاں بہتری کے ابتدائی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سیکرٹری ماحولیات سلوت سعید نے کہا کہ سموگ کے موسم میں بروقت ہنگامی کارروائیاں فضائی آلودگی کی روک تھام میں کامیاب ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا سموگ کنٹرول کیلئے یہ سب سے بڑا آپریشن کامیاب ثابت ہوا ہے اور فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، کوئیک ریسپانس یونٹس اب نئی سموگ پالیسی کا مرکزی ستون بن چکے ہیں اور ان کی مدد سے فصلوں کی آگ پھیلنے سے قبل بجھانے کی حکمتِ عملی کامیاب رہی ہے۔ سیکرٹری ماحولیات نے کہا کہ پنجاب میں سموگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کو زمینداروں اور مقامی انتظامیہ نے بھرپور سراہا، موٹرویز، لنک روڈز، دیہی علاقوں اور دور دراز کھیتوں میں بھی کوئیک ریسپانس یونٹس کی ریکارڈ سطح کی رسائی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ آگ بجھانے کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔