معروف اداکار شفیع محمد شاہ کی آج 18 ویں برسی منائی جا رہی ہے

11-17-2025

(لاہور نیوز) پاکستان کے نامور اداکار شفیع محمد شاہ کی 18 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اپنی رعب دار آواز، جاذبِ نظر شخصیت اور باکمال اداکاری کے باعث انہوں  نے ٹیلی ویژن اور فلم، دونوں میدانوں میں ان مٹ نقوش چھوڑے۔ 1949ء میں اندرونِ سندھ کے شہر کنڈیارو میں پیدا ہونے والے شفیع محمد شاہ نے اپنے فنی سفر کا آغاز حیدرآباد ریڈیو سے صداکاری کے ذریعے کیا، جلد ہی ان کی صلاحیتوں  نے ٹی وی کی دنیا کا رخ کیا، جہاں انہوں  نے ڈرامہ سیریل "اڑتا آسمان" سے ٹیلی ویژن کیریئر کا آغاز کیا۔ شفیع محمد شاہ کی بے مثال اداکاری نے انہیں کم وقت میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا، خصوصاً ڈرامہ سیریل "تیسرا کنارہ" نے انہیں گھر گھر مقبول بنا دیا، ان کے دیگر مقبول ڈراموں میں چاند گرہن، دائرے، دیواریں، جنگل، بند گلاب، کالی دھوپ، ماروی اور تپش شامل ہیں، جن میں ان کی اداکاری نے ہمیشہ ناظرین کو متاثر کیا۔ شفیع محمد شاہ کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1991ء میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا، جبکہ 17 نومبر 2007ء کو ان کے انتقال کے دو ماہ بعد انہیں ستارہ امتیاز بھی دیا گیا۔