پنجاب بھر میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک، مریضوں کی تعداد میں اضافہ
11-17-2025
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش اور ڈینگی کیسز میں خطرناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر سے 19 نئے تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 2 مریض رپورٹ ہوئے، جس کے بعد شہر میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی کل تعداد 695 تک پہنچ گئی ہے۔ پنجاب بھر میں رواں سیزن کے دوران ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3825 تک جا پہنچی ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ شہر میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور خدشہ ہے کہ رواں سال ڈینگی کیسز میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ حکام کے مطابق ڈینگی کے زیادہ تر مریض نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں رپورٹ ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے درست اعداد و شمار حاصل کرنا بھی چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کریں، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ گھروں میں سپرے کریں، مچھروں سے بچاؤ کا لوشن استعمال کریں اور پانی کے کھڑے ہونے سے ہر صورت بچیں۔