دو روزہ آل پاکستان ویمن روئنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر
11-17-2025
(لاہور نیوز) راولپنڈی میں ہونے والی دو روزہ آل پاکستان ویمن روئنگ چیمپئن شپ شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گئی، جس میں ملک کی 21 جامعات نے ریکارڈ تعداد میں شرکت کرتے ہوئے مقابلوں کو نہایت دلچسپ بنا دیا۔
ایونٹ کی اختتامی تقریب راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، تقریب کی مہمانِ خصوصی مشعال ملک تھیں، جنہوں نے کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور نمایاں کارکردگی کو سراہا۔ تقریب میں شریک کھلاڑیوں اور شرکاء نے ایونٹ کے بہترین انتظامات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا جن میں 2000 میٹر اوپن ویٹ سنگل ریس، 1000 میٹر ڈبل لائٹ ویٹ مقابلے، 500 میٹر اوپن ویٹ، 500 میٹر ریلے، 1000 میٹر ڈبل اوپن ویٹ کیٹیگری شامل تھے۔ اپنے خطاب میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کھیلوں سمیت زندگی کے ہر میدان میں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل ہیں۔ انہوں نے ویمن روئنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کو قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔