پنجاب میں دفعہ 144 میں مزید 7 روز کی توسیع، عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار
11-17-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی۔
صوبائی محکمہ داخلہ نے ہفتہ 22 نومبر تک پابندی برقرار رکھنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں ہر قسم کے احتجاج، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی، دفعہ 144 کے تحت چار یا زائد افراد کا عوامی مقامات پر جمع ہونا مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے حکم نامے میں صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش، اشتعال انگیز، نفرت آمیز اور فرقہ وارانہ مواد کی تقسیم و اشاعت پر بھی مکمل پابندی برقرار رکھی گئی، اسی طرح لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی برقرار رہے گی، تاہم اذان اور جمعے کے خطبے کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنے، انسانی جانوں کے تحفظ اور املاک کو ممکنہ خطرات سے بچانے کیلئے کیا گیا ہے، موجودہ سکیورٹی خدشات کے باعث عوامی جلوس یا دھرنے دہشت گردوں کیلئے نرم ہدف ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ شرپسند عناصر احتجاج کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش بھی کر سکتے ہیں۔