شاد باغ میں عامل جادو کے بہانے شہری کے 60 لاکھ کے زیورات لے اڑا

11-16-2025

(لاہور نیوز) شادباغ کے علاقے میں شہری کے ساتھ حیران کن واردات پیش آ گئی جہاں ایک نامعلوم عامل نے مبینہ طور پر جادو اور ہپنوٹائزنگ کے ذریعے 60 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات ہتھیا لئے اور فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کی مدعیت میں نامعلوم عامل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق شہری نے بتایا کہ عامل نے اسے چینی کھلائی اور کچھ کلمات دہرائے، جس کے بعد اسے ہوش نہ رہا اور وہ کچھ سمجھ نہ سکا۔ ایف آئی آر میں شہری نے مزید بیان دیا کہ اسی دوران عامل گھر سے 60 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات لے گیا، جبکہ متاثرہ شخص غفلت کی حالت میں خود ہی عامل کو سامان دے کر موٹرسائیکل پر چھوڑ بھی آیا۔ واردات کے بعد عامل فرار ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔