حلقہ این اے 129 میں 23 نومبر کو ضمنی الیکشن، انتظامات مکمل
11-16-2025
(لاہور نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 میں 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔
حلقے میں ن لیگ کے حافظ نعمان اور پی ٹی آئی کے محمد ارسلان کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 129 کل 29 یونین کونسلز پر مشتمل ہے جہاں ضمنی انتخابات کیلئے 334 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے، انتخابی عمل کی نگرانی کیلئے ایک ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جبکہ 4 کنٹرول رومز الیکشن کمیشن، ہوم ڈیپارٹمنٹ، سی پی او اور ڈی سی آفس میں فعال رہیں گے۔ انتظامی اعتبار سے حلقے کے 200 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ 134 کو بی کیٹیگری قرار دیا گیا ہے، حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 414 ہے، جن میں 2 لاکھ 76 ہزار 659 مرد اور 2 لاکھ 51 ہزار 755 خواتین شامل ہیں۔ عام انتخابات 2024 میں اس حلقے میں 2 لاکھ 9 ہزار 574 ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا تھا، جبکہ ووٹنگ ٹرن آؤٹ 40 فیصد رہا، مسلم لیگ (ن) کو 71 ہزار 546 ووٹ ملے تھے، جبکہ آزاد امیدوار مرحوم میاں اظہر نے 1 لاکھ 3 ہزار 718 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ این اے 129 میں شامل اہم علاقوں میں نیشنل بینک کالونی، بسطامی روڈ، نواں کوٹ، پکی ٹھٹھی، گلشن راوی، سوڈیوال، ڈھولنوال، سبزہ زار، اعوان ٹاؤن، بابو صابو، شیرا کوٹ، بکر منڈی، چوبرجی، باغ گل بیگم اور گردونواح کے دیگر علاقے شامل ہیں۔