ملکی بدنامی کا باعث بننے والے کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دیں گے: محسن نقوی

11-16-2025

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیرقانونی امیگریشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی بھی مسافر کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین  نے لاہور ایئرپورٹ کا دو گھنٹے پر مشتمل اچانک دورہ کیا، دورے کے دوران امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کا رش اور عملے کی سست روی دیکھ کر وزیر داخلہ نے برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر پراسیسنگ تیز کرنے کی ہدایت کی، دونوں وزراء  نے مسافروں سے گفتگو کرکے امیگریشن پراسیس سے متعلق شکایات اور تجربات بھی دریافت کئے۔ وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین  نے پروٹیکر سٹیکرز سمیت سفری دستاویزات کی چیکنگ کی، اس دوران بیرونِ ملک ڈرائیور کی ملازمت کیلئے جانے والے نوجوان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر اسے سفر سے روک دیا گیا، جس پر وزیر سالک حسین  نے سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم جاری کیا۔ مزید برآں، ایف آئی اے اہلکار کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر ایک مسافر کو بیرون ملک بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، امیگریشن عملے  نے مسافر کو کاؤنٹر پر ہی روک لیا اور اسے نجی کمپنی کو ادا کی گئی رقم واپس دلانے کی یقین دہانی کروائی، محسن نقوی نے کارروائی کرنے والے اہلکاروں کو بلا کر شاباش دی، اپنی جیب سے انعام دیا اور تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بغیر مستند دستاویزات کے کسی بھی مسافر کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک کی ساکھ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ایف آئی اے سمیت کسی بھی ادارے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین  نے ہدایت کی کہ پروٹیکر پروگرام کے تحت جانے والے تمام افراد کی ملازمت سے متعلق دستاویزات کی تصدیق ہر صورت یقینی بنائی جائے۔