کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف آج سے کارروائی ہو گی: کین کمشنر پنجاب

11-16-2025

(ویب ڈیسک) پنجاب میں شوگر ملوں کی جانب سے کرشنگ سیزن کے آغاز میں تاخیر پر کین کمشنر پنجاب نے آج سے کارروائی شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

حکومتی احکامات کے باوجود بیشتر ملیں کرشنگ شروع کرنے سے انکاری ہیں،  جس سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ حکومت پنجاب  نے صوبے بھر میں 15 نومبر کی ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم 41 میں سے صرف 5 شوگر ملوں  نے کرشنگ کا آغاز کیا، کین کمشنر پنجاب کے مطابق ڈیڈ لائن پر عمل درآمد صرف شریف فیملی کی شوگر ملوں  نے کیا جبکہ دیگر ملوں کی جانب سے کرشنگ تاخیر کا شکار ہے۔ حکام کے مطابق کرشنگ میں مسلسل تاخیر کی وجہ سے چینی کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس سے صارفین اور مارکیٹ دونوں متاثر ہوں گی۔ دوسری جانب کسان اتحاد کے چیئرمین خالد باٹھ نے الزام عائد کیا ہے کہ مل مالکان دانستہ طور پر کرشنگ میں تاخیر کر رہے ہیں تاکہ گنا سستے داموں خرید سکیں، ان کا کہنا ہے کہ اس رویے سے کسان شدید پریشانی کا شکار ہیں اور حکومتی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔