سینٹرل جیل لاہور میں قیدیوں کیلئے نئی ڈبل سٹوری بیرکس کا افتتاح

11-15-2025

(ویب ڈیسک) کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کی سہولت کیلئے پانچ نئی ڈبل سٹوری بیرکس تیار کر لی گئی ہیں۔

ان بیرکس کا افتتاح چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کیا، اس اقدام کا مقصد جیل میں قیدیوں کے رہائشی حالات کو بہتر بنانا اور جیل کی گنجائش میں اضافہ کرنا ہے۔ نئی بیرکس میں 2 ہزار قیدیوں کی گنجائش فراہم کی گئی ہے جو کہ جیل کے موجودہ مسائل میں کمی کا باعث بنے گی، افتتاحی تقریب میں چیئرمین ٹاسک فورس اور سیکرٹری داخلہ  نے جیل میں موجود قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس بات کی ہدایت کی کہ ان قیدیوں کو، جو خود وکیل کی فیس ادا نہیں کر سکتے، انہیں مفت قانونی معاونت فراہم کی جائے، اس کے علاوہ جیل میں موجود تمام قیدیوں کو موسم کی مناسبت سے گرم کمبل بھی فراہم کئے جائیں گے تاکہ ان کی راحت کا خیال رکھا جا سکے۔ سیکرٹری داخلہ  نے جیل میں ذہنی امراض کے شکار قیدیوں کیلئے کاؤنسلنگ سیشنز کا بھی اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ جیل کے سائیکالوجسٹ قیدیوں کے ساتھ متواتر رابطہ رکھیں گے اور ان کی ذہنی صحت پر توجہ دیں گے تاکہ وہ بہتر طور پر معاشرتی زندگی کیلئے تیار ہو سکیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے مزید بتایا کہ اب تک پنجاب کی جیلوں میں 850 سے زائد شہریوں  نے "ملاقات ایپ" کے ذریعے اپنے عزیزوں سے ملاقات کی، ملاقات ایپ کی مدد سے قیدیوں کے اہل خانہ کو ایڈوانس آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کے درمیان رابطے میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔